آزاد جموں وکشمیر گلگت بلتستان میں بھی پورے ملک کی طرح 6 ستمبر یوم دفاع پاکستان کی مناسبت سے بھرپور تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن میں جوش وجذبہ اور وطن کیلئے قربان ہو جانے کے عہد عزم کیا گیا تاہم یہاں جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقدہ مرکزی تقریب سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا خطاب بہت پسند کیا گیا ہے جو مقبوضہ کشمیر کے عوام کیلئے بھی راحت جدوجہد ہے جو سبز ہلالی پرچموں میں لپیٹ کر اپنے پیاروں کو دفن کرتے ہیں اور بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزادی کیلئے ستر سال سے اپنے پیاروں کی قربانیاں دیتے چلے آ رہے ہیں جب آرمی دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منزل سے ہمکنار کرنے کے عزم کے ساتھ پیغام دے رہے تھے دشمنوں کی گولیاں ختم ہوجائیں گی مگر ہماری چھاتیاں ختم نہیں ہوں گی تو پاکستان سے عشق محبت بھی سرشار مقبوضہ کشمیر کے نوجوان اپنے عمل سے اسی عزم عہد کی منہ بولتی تصویر نظر آتے ہیں جو ہر روز نہتے گھروں سے نکلتے ہیں اور چوک چوراہوں پر جمع ہو کر ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم اٹھائے اپنی آزادی کے حق میں نعرے بلند کرتے ہیں تو قابض افواج نہ صرف پیلٹ گنوں سے ان کی آنکھوں کی بینائی چھینتی ہے جسموں کو چھلنی کرتی ہے بلکہ گولیاں چلا کر مار دیتی ہے مگر اس قوم کے سینے حاضر ہوتے ہیں جس کے لئے آرمی چیف نے تمام عہد عزم کی ساری طاقت کی ساتھ شفاف الفاظ میں کہا ہمیں کشمیریوں کی جدوجہد کی تائید وحمایت سے کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ کشمیری اپنی آزادی کی جدوجہد کر رہے ہیں جن کی پاکستان حمایت جاری رکھے گا اور بھارت کو کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دینا ہی ہوگا۔ یہ خطاب اور اس سے قبل کشمیریوں کی جدوجہد قربانیوں سے لبریز جذبہ حریت کو ایک نغمے کی صورت میں بیان کرنا شرکاء کا بھرپور انداز میں داد پیش کرتے ہوئے یکجہتی کا اظہار یقیناًملت پاکستان کی دلوں کی ترجمانی تھی۔ جن کی تائید وحمایت کشمیریوں کیلئے دلوں کی دھڑکن اور زندگی کی سانسوں جیسی اہمیت وافادیت رکھتی ہے اور ملت پاکستان کی افواج کے سپہ سالار کا فولاد سے زیادہ طاقتور عزم کے ساتھ کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار مقبوضہ کشمیر کے عوام کیلئے طاقت وجنون کا آب آزادی ہوتا ہے جو فلسطینیوں کو میسر ہے نہ شامیوں سمیت دنیا کے دیگر خطوں کے مسلم مظلوموں کو حاصل ہے باوجود اس کے یہ ملک پاکستان اپنی خداوند کریم کی طرف سے جغرافیائی حدود کی ناقابل بیان اہمیت وافادیت ایٹمی طاقت اور مضبوط فورس سے بڑھ کر ستر سال میں مسلسل آزمائشوں بحرانوں بیرونی سازشوں کے باوجود ایک درد دل رکھنے والی قوم کو عالمی علاقائی دشمن اژدھاؤں کی طرف سے چین سے نہیں رہنے دیا جاتا مگر سب طوفانوں کا مقابلہ کرتے ہوئے یہ ملت پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ عالمی علاقائی تاریخ حالات واقعات کی حقیقتوں نے ثابت کر دیا ہے کہ ساری دنیا میں مذہب یا دوستی دشمنی کی باتیں لیکر سب مکروفریب کی کہانیاں ہوتی ہیں جن سے سچے جذبوں درد دل رکھنے والے فرد افراد ہوں یا قومیں ان کو دھوکہ دیکر ان کے اخلاص، قربانیوں کا موقع پرستی کے تحت فائدہ ہی اٹھایاجاتا ہے امریکہ کی دھمکیاں ہوں یا برکس کانفرنس کا اعلامیہ ہو جدہ کے حکمرانوں کی ٹرمپ کی میزبانی ہو یہ سب دنیاوی حقیقتوں کی آئینہ کی طرح توثیق وتائید ہیں جس کا مطلب ہے ساری دنیا میں ملک پاکستان کا مفاد ملت پاکستان اور ملت پاکستان کا مستقبل ملک پاکستان کے ساتھ ہے۔ کشمیری عوام کا حوصلہ ملک پاکستان ہی ہے پاکستان کی قیادتوں، پالیسی سازوں، قوم بالخصوص نوجوانوں کو اب اپنے پیروں پر کھڑا ہو کر خود کو مضبوط ومستحکم بناتے ہوئے آگے بڑھنا ہوگا جس کا اظہار آرمی چیف نے کر دیا ہے ایک جمہوری آئینی قانونی بالادستی احترام والا پاکستان ہی سب کی منزل ہے یقیناًیہ منزل ہی کشمیریوں کی آزادی کی تقدیر ہے تاہم جی ایچ کیو میں منعقدہ تقریب میں جس طرح دفاع وطن کے علاوہ دیگر شعبہ جات کے قومی ہیروز اکابرین کے علاوہ، شہداء، غازیوں کے وارثوں کو بلایا گیا اس طرح باقی ملک کے تمام ریجن میں منعقدہ تقریبات میں 1947 سے لیکر اب تک کے بغیر وردی فوج یعنی پاکستان کے لئے اپنے فن ہنر کو حاضر خدمت کرنے والے بے شمار خاموش مجاہدوں کے وارثوں کو بھی یاد کرنا چاہیے۔ ان کے دُکھ درد پوچھ کر ان کی حوصلہ افزائی بھی کرنی چاہیے جو خوداری اور ملک وملت سے عشق کے ہاتھوں کبھی بھی اپنی قربانیوں وخدمات کا ایک بھی لفظ زبان پر نہیں لاتے ان کو ڈھونڈا جائے تو ضرور جذبہ پاکستانیت کو فولاد جیسی طاقت بخشنے والی ایثار کی کہانی اور سرد نہ ہونے والا جذبہ ملے گا۔