1. ہوم/
  2. کالمز/
  3. ذیشان بلوچ/
  4. بڑے آدمی کا دکھ

بڑے آدمی کا دکھ

میں نے کچھ عرصہ پہلے ایک شعر پڑھا جس میں شاعر کا نام جون ایلیاء لکھا تھا میں سمجھا کہ یہ شعر کسی شاعرہ کا ہے بعدازاں شعور شاعری اور مزید مطالعہ پر اس موصوف کے کلام میں کافی دلچسپی ہونے لگی دراصل یہ شاعری دیگر شعراء کرام سے بالکل مختلف محسوس ہوئی کیونکہ تمام تر شاعری مکالمہ لگتی جیسے کوئی سامنے براجمان ہوکر اپنے درد کی رونمائی کرے یا پھر کسی کی وفا اخلاص اور ہمدردی اس کے منہ پر دے مارے۔

چھوٹی بحر کا بڑا شاعر۔

تیکھے بدن کا بڑا آدمی۔

"سید جون اصغر المعروف جون ایلیاء "

جن کو اہل نظر جون اولیاء بھی کہا کرتے تھے۔

عجیب آدمی گزرا ہے صاحب۔

پہلے تو سگریٹ کی دھند میں بھٹکتا رہا۔

اور پھر پانیوں میں ڈوب گیا۔

14 دسمبر 1931 کو امروہہ میں جب اس کا ظہور ہوا تو زندگی بھر مرحوم رہا۔

8 نومبر 2002 کو رزق خاک ہوا۔

تو اہل ذوق کے دلوں میں زندہ ہوگیا۔

" جون" لفظوں کو حکم دیتا اور لفظ اس کی اطاعت میں قطار اندر قطار کیفیات کی انگلی تھامے۔

درد سمیٹے۔

یوں یکجاء ہوتے کہ شاہکار جنم لیتے۔

اس ادھڑے ہوئے آدمی نے لفظوں کو کیفیات کیساتھ یوں بُنا کہ دنیا آج بھی اس کے سحر میں مبتلا ہے۔

" جون" کے مخصوص انداز کی شاعری میں اداسی چیختی۔

درد کراہتا۔

اور محرومیاں بین کرتی تھیں۔

اور یہ اداسی اس کے قاری اور سامعین کے رگ و پہ میں اتر جاتی۔

اسی لیئے جیسے دیوانے قاری جون کو ملے کسی اور شاعر کے نصیب میں ایسے چاہنے والے نہیں۔

" جون" نے اپنا بہت سا کلام اپنے ہی اس خیال سے کہ

" وجود خیال کا زوال ہوتا ہے "

اپنے سینے میں لیئے منوں مٹی تلے سو گئے۔

ضروری نہیں لیکن اکثر دیکھنے میں آیا ہے کہ بڑا آدمی دنیا کو فتح کیئے ہوتا ہے۔

مگر گھر سے ہارا ہوا ہوتا ہے۔

"مجھ کو تو کوئی ٹوکتا بھی نہی

یہی ہوتا ہے خاندان میں کیا؟

جون کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا۔

ان کی ازدوجی زندگی ناکام رہی۔

اک خاتون جو عمر بھر اس کا خواب رہی مگر اس خواب کی تعبیر " جون" کی محرومی رہی۔

" جون" کا المیہ تھا کہ خواتین اس کی عزت کرتی تھیں۔

محبت نہیں کرتی تھیں۔

شرم دہشت جھجھک پریشانی

ناز سے کام کیوں نہیں لیتیں

آپ، وہ، جی، مگر یہ سب کیا ہے

تم میرا نام کیوں نہیں لیتیں؟

" جون " کی خواہشیں بھی عجیب تھیں۔

ان کی ایک خواہش تھی کہ کوئی لڑکی ان کی محبت میں خود کشی کر لے۔

"جون" اپنی ذات میں ایک بزم تھا۔

مگر ہزاروں چاہنے والوں کے ہجوم میں وہ تنہائی سے مر گیا۔

"انکی امید ناز کا ہم سے یہ مان تھا کہ آپ

عمر گزار دیجئے، عمر گزار دی گئی'

ایسے آدمی کو ذہنی ہم آہنگی کے مطابق لوگ نہیں ملتے۔

تنہائی قطعاً یہ نہیں کہ آدمی اکیلا ہو بلکہ تنہائی تو یہ ہے آدمی مجمع میں ہو اور تنہا ہو۔

ایسےآدمی سے لوگ امپریس تو ہوتے ہیں مگر اس کے دوست نہیں ہوتے۔

وہ اکیلا نہ تھا مگر تنہا تھا اور یہ ہر بڑے آدمی کا دکھ ہے صاحب یہ ہر بڑے آدمی کا دکھ ہے، اور ایسے لوگ اپنی زہانت یا باغیانہ مزاج کے باعث اپنے خاندان حلقہ احباب اور معاشرے میں بہت کم ہی ایڈجسٹ ہو پاتے ہیں۔

دنیا میں بہت سے ایسے لوگ گزرے جن کے گرد ان کے مداحوں کا ہجوم رہتا تھا۔

مگر وہ تنہائیوں میں مرے۔

" جون" لوگوں کو حیران کر دینا چاہتا تھا اور کامیاب ہوا۔

وہ شاعروں کے ہجوم میں ہوتا تو بس وہ ہی دکھتا باقی تو سب تمام شد۔

اجازت چاہوں گا سماعت میں ایک جانے پہچانے لہجے کی صدا آ رہی ہے۔

آواز تو آدمی کی ہے مگر یوں معلوم پڑتا ہے جیسے کوئی دکھ کراہ رہا ہو۔

لگتا ہے "جون ایلیاء " آسمانوں میں محو سخن ہے۔

غزل سناتا جاتا ہوگا اور سر پیٹتا جاتا ہوگا۔

خیر چھوڑیئے صاحب رات کافی بیت چلی ہے میں شاید کوئی خواب دیکھ رہا ہوں گا یا پھر کوئی وہم ہوگا۔

"جون ایلیاء تم مرے نہیں تمھاری جان چھوٹی۔

میں بھی بیت عجیب ہوں اتنا عجیب کہ بس

خود کو تباہ کر دیا اور ملال بھی نہیں کیا