1. ہوم
  2. نعت
  3. آغر ندیم سحر
  4. حضور آپ کی مدحت میں عمر کٹ جائے

حضور آپ کی مدحت میں عمر کٹ جائے

حضور آپ کی مدحت میں عمر کٹ جائے
درود و نعت پڑھیں غم کی رات چھٹ جائے

حضور آپ کی آمد سے روشنی کا ظہور
حضور آپ نے بخشا ہے زندگی کا شعور

درندگی ہے اداسی ہے خوف طاری ہے
حضور آپ کی امت پر وقت بھاری ہے

حضور امتی پہ رحمتوں کی بارش ہو
بروز حشر اگر آپ کی سفارش ہو

ہمارے دل میں عقیدت ہے اور کچھ بھی نہیں
سو چشمِ نم میں ندامت ہے اور کچھ بھی نہیں

حضور ہجر کے ماروں کا کچھ کیا جائے
حضور دل کے شراروں کا کچھ کیا جائے

حضور آپ بلائیں کمال ہو جائے
چراغِ عشق جلے اور وصال ہو جائے

حضور چاروں طرف تیرگی نے گھیرا ہے
حضور آپ کے ہاتھوں میں ہی سویرا ہے

ندیم خواب میں آقا کی دید ہو جائے
ندیم درد کے ماروں کی عید ہو جائے