یہ گنبد ہے یا سبزہ زار مدینہ
ارم در بغل ہے بہار مد ینہ
یہی ہے یہی خاک پائے محمد ﷺ
ان آنکھوں میں رکھ لوں غبار مدینہ
وہ معراج کا فیض اللہ اکبر
بنی کہکشاں رہ گزار مدینہ
خوشا وہ تصور میں ہجرت کا منظر
وہ مکہ ہوا ہم کنار مد ینہ
شرابی نہیں ہوں، مگر ہوں شرابی
میرے جام میں ہے خمار مدینہ
میں سمجھا کوئی پیکر نور اترا
دکھائی دیا جب غبار مدینہ
غلام محمد ﷺ ہوں اخلاقؔ میں تو
لقب ہے میرا خاکسار مد ینہ