1. ہوم/
  2. غزل/
  3. فاخرہ بتول/
  4. بہت کٹھن ھے بھلانا مگر بھلا دینا

بہت کٹھن ھے بھلانا مگر بھلا دینا

بہت کٹھن ھے بھلانا مگر بھلا دینا
کتاب وصل کے سارے ورق جلا دینا

وہ جانتا ہی نہیں ھے بھلا دیا ھے اسے
اگر وہ لوٹنا چاھے تو پھر بتا دینا

مجھے ھے ڈر وہ مسافر پلٹ نہ آئے کہیں
یہ خواب دیکھوں تو آکر مجھے جگا دینا

یہ آنسوؤں کی کہانی تھی لفظ مٹتے گئے
وہ پڑھ رہا ھے تو دھیرے سے مسکرا دینا

یہ ھجر روح کا سرطان بن چکا ھے بتول
کوئی مداوہ نہیں خاک میں ملا دینا

فاخرہ بتول

Fakhira Batool

فاخرہ بتول نقوی ایک بہترین شاعرہ ہیں جن کا زمانہ معترف ہے۔ فاخرہ بتول نے مجازی اور مذہبی شاعری میں اپنا خصوصی مقام حاصل کیا ہے جو بہت کم لوگوں کو نصیب ہوتا ہے۔ فاخرہ بتول کی 18 کتب زیور اشاعت سے آراستہ ہو چکی ہیں جو انکی انتھک محنت اور شاعری سے عشق کو واضح کرتا ہے۔ فاخرہ بتول کو شاعری اور ادب میں بہترین کارکردگی پر 6 انٹرنیشنل ایوارڈز مل چکے ہیں۔