1. ہوم/
  2. غزل/
  3. فاخرہ بتول/
  4. اب کہاں سانحہ نہیں ھوتا؟

اب کہاں سانحہ نہیں ھوتا؟

اب کہاں سانحہ نہیں ھوتا؟
کون کس سےجُدا نہیں ھوتا

تیرگی بے سبٌب نہیں صاحب!
شہرِ دل میں دیا نہیں ھوتا

بے وفا ھیں تو بے وفا ہی سہی
ھر کوئی باوفا نہیں ھوتا

کوئی اسکا سبٌب تلاش کرو
کوئی یوں ہی خفا نہیں ھوتا

اِسکے پیچھے کوئی کہانی ھے
کوئی اتنا بُرا نہیں ھوتا

کیسے الزام ھم اُٹھاتے ھیں
جو سُنا وہ کہا نہیں ھوتا

کہہ دیا ھوگاجانے کس رو میں
ھر جگہ حادثہ نہیں ھوتا

دوستی، خواب، انتظار، خلوص
اِس میں کچھ بھی نیا نہیں ہوتا

درد سے کوئی پوچھتا ھے بتول!
کیوں یہ دل سے جُدا نہیں ھوتا

فاخرہ بتول

Fakhira Batool

فاخرہ بتول نقوی ایک بہترین شاعرہ ہیں جن کا زمانہ معترف ہے۔ فاخرہ بتول نے مجازی اور مذہبی شاعری میں اپنا خصوصی مقام حاصل کیا ہے جو بہت کم لوگوں کو نصیب ہوتا ہے۔ فاخرہ بتول کی 18 کتب زیور اشاعت سے آراستہ ہو چکی ہیں جو انکی انتھک محنت اور شاعری سے عشق کو واضح کرتا ہے۔ فاخرہ بتول کو شاعری اور ادب میں بہترین کارکردگی پر 6 انٹرنیشنل ایوارڈز مل چکے ہیں۔