1. ہوم/
  2. غزل/
  3. فاخرہ بتول/
  4. عشق سر پر سوار کس کا ھے؟

عشق سر پر سوار کس کا ھے؟

عشق سر پر سوار کس کا ھے؟
وہ ھے دشمن تو یار کس کا ھے

جاؤ کہہ دو بُھلا دیا تم نے
اب تمھیں انتظار کس کا ھے؟

جو بھی آیا وہ ہاتھ مَلتا گیا
آخرش یہ دیار کس کا ھے؟

زندگی بےوفا ھے، مان لیا
یہ بتا اعتبار کس کا ھے؟

بات کرتے ہو آسماں کی طرح
تم کو آخر خُمار کس کا ھے؟

آنکھ میں تِل کی کیا حقیقت ھے؟
بےوفائی شعار کس کا ھے؟

سب سے وہ بےنیازھے لیکن
یہ بتا غمگسار کس کا ھے؟

در، دریچے کو دیکھنے والے
یہ تمھیں انتظار کس کا ھے؟

فاخرہ بتول

Fakhira Batool

فاخرہ بتول نقوی ایک بہترین شاعرہ ہیں جن کا زمانہ معترف ہے۔ فاخرہ بتول نے مجازی اور مذہبی شاعری میں اپنا خصوصی مقام حاصل کیا ہے جو بہت کم لوگوں کو نصیب ہوتا ہے۔ فاخرہ بتول کی 18 کتب زیور اشاعت سے آراستہ ہو چکی ہیں جو انکی انتھک محنت اور شاعری سے عشق کو واضح کرتا ہے۔ فاخرہ بتول کو شاعری اور ادب میں بہترین کارکردگی پر 6 انٹرنیشنل ایوارڈز مل چکے ہیں۔