1. ہوم/
  2. نظم/
  3. فاخرہ بتول/
  4. گُڑیا آج بھی اندھی ھے !

گُڑیا آج بھی اندھی ھے !

کھیلتے کھیلتے دونوں میں سے،

ایک نے دوجے کی گُڑیا کی نوچ لی آنکھیں

لڑکی چیخی،

دیکھو، تم نے میری گُڑیا اندھی کر دی

اب سپنے کیسے دیکھے گی؟

لڑکا نادم ہو کر بولا

میں جب ابٌو جتنا ہو کر شہر گیا تو

یہ وعدہ کرتا ہوں تم سے،

سب سے پہلے،

اِس کی آنکھیں لاؤں گا

سُنا ھے شہر گیا وہ اک دن

جانے اُس کے بعد ہوا کیا؟

یہ معلوم نہیں ھے لیکن،

آج اچانک اُس لڑکی کو راہ میں دیکھا

ہاتھ میں اُس کے اک گُڑیا تھی

ہاں بتلانا بھُول گئ میں

گُڑیا آج بھی اندھی ھے۔ ۔ ۔


فاخرہ بتول

Fakhira Batool

فاخرہ بتول نقوی ایک بہترین شاعرہ ہیں جن کا زمانہ معترف ہے۔ فاخرہ بتول نے مجازی اور مذہبی شاعری میں اپنا خصوصی مقام حاصل کیا ہے جو بہت کم لوگوں کو نصیب ہوتا ہے۔ فاخرہ بتول کی 18 کتب زیور اشاعت سے آراستہ ہو چکی ہیں جو انکی انتھک محنت اور شاعری سے عشق کو واضح کرتا ہے۔ فاخرہ بتول کو شاعری اور ادب میں بہترین کارکردگی پر 6 انٹرنیشنل ایوارڈز مل چکے ہیں۔