1. ہوم/
  2. کالمز/
  3. خرم امتیاز/
  4. کوکو

کوکو

بیک وقت بچوں اور بڑوں کیلئے بہت سے خوبصورت پیغامات اور جذبات پر مشتمل ایک بہترین اینیمیٹڈ فلم جو ٹیکنیکلی اسقدر مہارت سے بنائی گئی ہے کہ اسکی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ اس پر دلچسپ کہانی، لطیف احساسات کی منظر کشی اور میکسیکن موسیقی کی خوبصورت دُھنوں نے اس فلم کو چار چاند لگا دیے ہیں۔

فلم کا مرکزی کردار میوزک کی دنیا میں نام کمانے کا شیدائی "میگل" ایک ایسی سنجیدہ فیملی کا بچہ ہے جس کے تمام ارکان کا روزگار جوتے بنانے اور بیچنے سے وابستہ ہے۔ بدقسمتی سے میگل کے خاندان میں موسیقی سے شدید نفرت کی جاتی ہے۔

اپنی فیملی کی جانب سے میوزک کیساتھ اسقدر نفرت اور مخالفت کی وجہ دریافت کرنے کے بعد میگل کو اس کشمکش کا سامنا درپیش ہے کہ کیا اسے اپنی فیملی کی روایت برقرار رکھتے ہوئے میوزک کو ترک کر دینا چاہئے یا پھر وہ اپنے شوق کی تسکین کیلئے فیملی سے کنارہ کش ہو جائے۔

کہانی دلچسپ اتار چڑھاؤ پر مشتمل ہے جو مرحلہ وار ناظرین پر آشکار ہوتی ہے۔ اسکے ساتھ ہی فلم میں ایک دوسری دنیا (عالمِ ارواح) کا اِک منفرد ایڈونچر بھی جاری رہتا ہے۔

فلم میں جو سب سے دلچسپ کانسیپٹ دکھایا گیا ہے وہ یہ کہ بعد از مرگ رُوحوں کی بھی اپنی ایک بھرپور دنیا اورلائف ہوتی ہے۔ جسقدر کوئی شخص مرنے کے بعد بھی زندہ انسانوں میں مقبول رہے اسقدر ہی عالم ارواح میں اسکی رُوح کو اہمیت اور آسائشیں حاصل ہوتی ہیں۔ مگر اس کے برعکس انسانوں کی دنیا میں جس مرے ہوئے شخص کو یاد کرنے والا کوئی ایک بھی شخص باقی نہ رہے، تو اس کی رُوح عالمِ ارواح سے بھی ختم ہوجاتی ہے۔ اسلئے فوت ہوئے لوگوں کے لواحقین کا انہیں یاد رکھنا بیحد ضروری ہے۔