خرّم امتیاز
ہر باشعور انسان کی لاشعوری خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنی اولاد کی بہترین تربیت کرتے ہوئے اپنے زندگی بھر کے بہترین نظریات اور تجربات کا نچوڑ اگلی نسل کو منتقل کرکے انکی زندگیوں میں آسانی پیدا کرسکے۔ بلاشبہ مذہبی عقائد بھی اس تربیت کا لازمی حصہ ہوتے ہیں۔
لیکن بطور ایک معتدل مزاج پاکستانی اگر آپ اپنے بچوں کو میانہ روی کا درس دیتے ہوئے انھیں مسالک کی دوڑ، شدت پسند نظریات، لاحاصل مناظروں اور ان سے پھیلتی پرتشدد معاشرتی تفریق و تقسیم سے دور رکھنا چاہتے ہیں تو آپ کیلئے ایک بری خبر یہ ہے کہ پاکستان میں ایسی زندگی اب کسی خام خیالی سے کم نہیں۔ معتدل پاکستانیوں کیلئے ایسا کوئی رستہ ہی نہیں چھوڑا گیا کہ وہ ان تمام مسالک سے اجتناب برتتے ہوئے میانہ روی کیساتھ اس دین پر عمل پیرا رہ سکیں جو پیغمبر اسلام ﷺ نے متعارف کرایا تھا اور جس کی پیروی انکے صحابہ کرام ؓ نے کی۔
اسکی پہلی اور سب سے بنیادی وجہ یہ حقیقت ہے کہ پاکستان میں کوئی ایک بھی مسجد اور مدرسہ ایسا نہیں جو براہ راست کسی ناں کسی مسلک کے زیر اثر نہ آتا ہو۔ اور پھر ہر مسلکی مدرسہ بالواسطہ اپنے ہی مسلک کی سیاسی /مذہبی جماعتوں اور انکے سیاسی نظریات اور مقاصد کی ترویج کا باعث بھی بنتا ہے
چنانچہ یہ ممکن ہی نہیں کہ آپکے بچے بنیادی مذہبی پریکٹس کیلئے کسی قریبی عبادت گاہ کا رُخ کریں اور انکے بنیادی نظریات اس مسجد کے مسلک سے متاثر ہوئے بغیر پنپ سکیں۔ بشرطیکہ آپ مخالف مسلک کے پیروکار ہوتے ہوئے بذاتِ خود ہی بچے کو قریبی مسجد سے متنفر نہ کردیں۔ دونوں صورتوں میں آپ اپنے بچے کو کسی ایک مسلک سے محبت یا پھر نفرت میں مبتلا کرنے کا سبب بنیں گے۔
اپنی انتہائی شکل میں ہر مسلک دوسرے مسالک کے پیروکاروں کو گستاخ بلکہ تقریبا تقریبا دائرۂ اسلام سے باہر خیال کرتا ہے۔ البتہ نقصِ امن سے گریز کیلئے مختلف پبلک فورمز پر دانستہ لچک دکھاتے ہوئے انتہائی ڈپلومیسی سے کام لیا جاتا ہے۔ مگر بسااوقات یہ منافرت چھپائے نہیں چھپتی۔ اور آئے دن ہمیں معاشرے کا اک پرتشدد چہرہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔
اس تمامتر صورتحال میں میرا پاکستانی والدین سے سوال ہے کہ بتایئے آپ ذاتی طور پر اپنے بچوں کے لئے کس نوعیت کے مذہبی ماحول کو ترجیح دیتے ہیں؟ آپ انکی مذہبی تربیت کو کیسے پلان کررہے ہیں؟ آپ مسلک کو کسقدر اہم سمجھتے ہیں؟ کیا مسالک اور دینِ اسلام لازم و ملزوم ہیں یاں ان کے بغیر بھی ایک اچھا مسلمان بننا ممکن ہے؟ اگر ممکن ہے تو کیسے؟