ہم جس معاشرے میں زندہ ہیں۔ بد گمانیوں، نفرتوں، عداوتوں، لڑائیوں، تعصب کے ہر طرف ڈیرے ہیں۔ ہم میں سے ہر ایک مسائل کی دلدل میں پھنسا ہے۔ کہتے سب یہی ہیں کہ معاشرتی بگاڑ پیدا ہو چکا، لیکن کوئی یہ بات ماننے کو تیار ہی نہیں کہ اس کا اس معاشرتی بگاڑ میں حصہ ہے۔ اس وقت نفرتیں بوئی جارہی ہیں یہ جانتے ہوئے بھی کہ نفرتیں خلیج پیدا کرتی ہیں پھر اس خلیج کوکم کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ معاشرہ میں کدورتیں بھر جائیں تو معاشرہ زہر آلود ہو جاتا ہے۔
ہر سو نفرتوں، عداوتوں، بد تہذیبی کا ایک طوفان برپا ہے۔ آپس میں فضول بحث و مباحثے، اندازِ گفتگو کا معیار اِس قدر گرچکا ہے کہ چھوٹے بڑے کے باہمی اَدب و احترام کو بالائے طاق رکھ کر ایک دوسرے کو نیچا دکھانے اور کم تر ثابت کرنے کے لیے کسی بھی حد تک جانے کو معیوب نہیں سمجھا جاتا۔ معمولی سی بات، معمولی سے اختلاف، معمولی سی کج فہمی پر معاشرے کی رگوں میں نفرتیں ناممکن حد تک سرائیت کر رہی ہیں۔ برداشت نام کے مادے کا وجود خطرے میں ہے۔ احساس ختم ہوتا جا رہا ہے۔ تعصب کی عینک کسی طور اترتی ہی نہیں۔ اختلافات معاشرے کا حسن ہیں۔ ہر شخص کی نظر، فکر، رائے جدا ہے۔ ہرمعاشرے میں اختلافات ہوتے ہیں اور ضرور ہیں لیکن ان اختلافات کا ذاتی دشمنی میں بدل جانا قابلِ افسوس ہے۔
ہم میں سے ہر ایک اس معاشرہ کا فرد ہے۔ ہم میں سے ہر ایک اس کی بگاڑ کا ذمہ دار بھی ہے۔ ہم میں سے ہر ایک پر اس کی بہتری کی ذمہ داری بھی ہے۔ فرمایا: "تم میں سے ہر ایک نگہبان ہے، اور اس سے اس کی رعایا کے بارے میں پوچھا جائے گا"۔ ہمارے رویے، کردار یا تو اس معاشرے کو بہتر بنانے میں کردار ادا کر رہے یا بگاڑنے میں ان کا اثر ضرور ہے۔ تربیت کے فقدان کے باعث معاشرے میں سکون اور بھائی چارہ کم سے کم ہوتا جارہا ہے۔ ہمارا سوشل میڈیا بھی اس سلسلے میں منفی کردار ادا کررہا ہے، تحمّل اور شائستگی کی کمی نظر آتی ہے۔ معاشرہ اپنی اعلیٰ تہذیب، ثقافت، روایات اور اسلامی و اصلاحی تعلیمات کو نظر انداز کرکے آگے بڑھنے کی کوشش کرتا ہے، وہ زوال اور اخلاقی انحطاط کا شکار ہوجاتے ہیں۔ بعض معاشروں میں ہمیں بظاہر ترقی اور خوشحالی نظر آتی ہے، لیکن اندر سے وہ انتہائی بدنما ہوتے ہیں۔
ہمیں اسلام نے ایک مقصدِ حیات دے رکھا ہے۔ جس میں تمام تر رہنمائی بھی مہیا کی گئی ہے۔ لیکن ہم وہ کتابیں، سیرت پڑھنے کی زحمت ہی نہیں کرتے۔ ہم نے اپنے رہبر ڈرامے، فلمیں، اور ایسے رول ماڈل بنائے جن کی وجہ سے ہم اپنی تہذیب ہی بھول گئے اور معاشرے میں نفرت، عدم برداشت، انا جیسی موذی بیماریوں نے یلغار کر لی۔
نوجوان ہی ہیں جو ہر قوم و ملت اور تحریک کے لئے امید کی واحد کرن ہوتے ہیں۔ یہ نوجوان اسی وقت قوم وملت کے لئے کارگر ثابت ہوسکتے ہیں جب ان کی تعلیم و تربیت، رہنمائی پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے۔ یہ اسی وقت ملت کے لئے سایہ دار اور ثمر آور درخت بن سکتا ہے جب ملت کا ہر طبقہ ان کی تعلیم و تربیت اور اصلاح کے لیے اپنی صلاحیتوں اور ذرائع کو بروئے کار لانے کا تہیہ کرلے۔ نوجوانوں کی اسلامی خطوط پر رہنمائی کرنا نہ صرف دورِ حاضر کا بلکہ ہر دور میں تجدیدی نوعیت کا کام ہوتا ہے، بقولِ مولانا علی میاں ندویؒ وقت کا تجدیدی کام یہ ہے کہ اُمت کے نوجوانوں اور تعلیم یافتہ طبقہ میں اسلام کی اساسیات اور اس کے حقائق پر وہ اعتماد واپس لایا جائے جس کا رشتہ اس طبقہ کے ہاتھ سے چھوٹ چکا ہے۔
آج کی سب سے بڑی عبادت یہ ہے کہ اس فکری اضطراب اور نفسیاتی الجھنوں کا علاج بہم پہنچایا جائے جس میں آج کا تعلیم یافتہ نوجوان بری طرح گرفتار ہے اور اس کی عقل و ذہن کو اسلام پر پوری مطمئن کر دیا جائے۔ نوجوانوں کے درمیان مقصد زند گی سے نا آشنائی، تزکیہ وتربیت کی کمزوری، ان کے اندرفکری، تعمیری اور تخلیقی سوچ کا پروان نہ چڑھنا بہت بڑا المیہ ہے۔
معاشرے کی اصلاح و احوال میں بنیاد کردارعلم کا ہوتا۔ ہمارے پاس وہ تاریخ موجود ہے جس کے ہوتے ہمیں کسی اور کی تاریخ کی ضرورت نہ تھی۔ ہم نے وہ علم کے سمندر کتابیں کوڑے دانوں کی نذر کیں۔ سوشل میڈیا نے رہی سہی کسر تک نکال دی۔ علم اور شعور بنیادی عوامل ہیں۔ اس سے بڑھ کر یہ ہے کہ ہمارا کردار نسلِ نو کے لئے مثالی ہونا چاہیے۔ جب ہمارا اپنا کردار ہی دھوکہ دہی، جھوٹ، فریب، تعصب، اقربا پروری کا عکس ہوگا، تو یقینا یہ ورثہ نوجوانوں میں منتقل ہوگا۔ جو ہماری تباہی کا سبب بنے گا۔ اگر ہماری جملہ کاوشیں ریٹنگ اور اپنے قد کاٹھ کے لئے ہی ہیں، تو یہ ہمارے لئے باعثِ رسوائی ہے۔ کیوں کہ یہ اُمت محمدیہ ﷺکی تعلیم و تربیت کی ذمہ داری ہماری ہے۔ آج جو بوہیں گے وہی کل کاٹنا بھی ہوگا۔ اگر ہم رہنما ہیں تو نسلِ نو کو سیرت النبی ﷺ سے آشنا کروانا ہوگا۔ اگر ہم نے اپنے کردار سے تعصب، افراتفری تحفہ میں دی تو یہی واپس بھی ملے گا۔
یہ معاشرہ، جسے ہم اسلامی معاشرہ کہتے نہیں تھکتے، ہمارے عملی معاملات میں اسلامی تو کجا، ایک مہذب معاشرہ کہلائے جانے کا مستحق بھی نہیں۔ نوجوانوں میں جرائم کی شرح میں اضافہ ہمارے اخلاقی معیار کے دعوؤں کے برعکس ہے۔ ہمیں یہ بخوبی علم ہے کہ ہمارا عملی کردار کس قدر اسلامی ہے۔ ہم نسلِ نو کو کیا ورثہ دے رہے ہیں۔ یہ ہمارے لئے صدقہ جاریہ، یا عذاب جاریہ ہوگا۔ بایں ہمہ ہم اپنی اصلاح احوال، خود احتسابی کی نہیں۔ بلکہ دُنیا کو ٹھیک کرنے کے دعویٰ دار ہیں۔ اور محبت نہیں، نفرت سے نہ باز آنے کی قسم کھائی ہے۔
ہم نہ باز آئیں گے نفرت سے
نسل جائے گی اور کیا ہوگا