1. ہوم
  2. نظم
  3. فاخرہ بتول
  4. محبٌت میں کبھی دورائے کا امکاں نہیں ہوتا

محبٌت میں کبھی دورائے کا امکاں نہیں ہوتا

یہ ہوتی ہے۔۔ تو ہوتی ہے
نہیں ہوتی تو۔۔ جتنا بھی جتن کر لو، نہیں ہوتی

۔۔ کوئی اچھا اگر لگ جائے تو
۔۔ سب خامیاں اُسکی

اچانک، خوبیوں کی اوڑھنی میں چُھپ سی جاتی ہیں
زمانہ لاکھ سمجھائے۔۔ سنبھل جاؤ

وہ ایسا ہے۔۔ وہ ویسا ہے
سمجھ میں کچھ نہیں آتا

سماعت اور بصارت کو سُجھائی کچھ نہیں دیتا
سمجھ آتا ہے۔۔ اُس لمحے

کہ جب دامن میں لاکھوں چھید ہو جائیں
کبوتر کے پروں کے ساتھ لپٹے سب عیاں جب بھید ہو جائیں

یہ ہوتی ہے۔۔ تو ہوتی ہے
نہیں ہوتی تو۔۔ جتنا بھی جتن کر لو، نہیں ہوتی

فاخرہ بتول

Fakhira Batool

فاخرہ بتول نقوی ایک بہترین شاعرہ ہیں جن کا زمانہ معترف ہے۔ فاخرہ بتول نے مجازی اور مذہبی شاعری میں اپنا خصوصی مقام حاصل کیا ہے جو بہت کم لوگوں کو نصیب ہوتا ہے۔ فاخرہ بتول کی 18 کتب زیور اشاعت سے آراستہ ہو چکی ہیں جو انکی انتھک محنت اور شاعری سے عشق کو واضح کرتا ہے۔ فاخرہ بتول کو شاعری اور ادب میں بہترین کارکردگی پر 6 انٹرنیشنل ایوارڈز مل چکے ہیں۔