میں ساشا بیرن کوہن Sacha Baron Cohen کا بورات کے دور سے فین ہوں۔ مجھے ہمیشہ سے لگتا تھا کہ اس بندے کی سنجیدہ اداکارہ کمال کی ہوگی۔ بحیثیت طنز نگار میں یہ بھی جانتا ہوں کہ طنز و مزاح سے کھیلنے والا سنجیدہ کام جب بھی کرتا ہے لوگوں کو پسند ضرور آتا ہے۔ ساشا کی یہ محدود سیریز اس کی سنجیدہ اداکاری کا مظہر ہے۔ ساشا اپنی مزاحیہ فلموں بورات، دی ڈکٹیٹر، برادرز گمزبی، علی جی شو کے حوالے سے مشہور تھا۔ شاید اس سے پہلے بھی کوئی سنجیدہ اداکاری کی ہو تاہم بحیثیت مرکزی کردار یہ سیریز پہلی بار نظر سے گزری۔
دی سپائی، جیسا کہ نام سے ظاہر ہے، کہانی ہے ایک جاسوس کی جسے اسرائیل کا محب وطن، فیملی سے محبت کرنے والا شہری ایلی کوہن Eli Cohen دکھایا جاتا ہے جس کی موساد میں شمولیت کی غالباً تین درخواستیں ریجیکٹ ہوچکی ہیں۔ ایک سٹور میں ڈیٹا اینٹری سے وابستہ ایلی کی خوبی اس کی کیلکولیٹر پر ٹائپنگ سپیڈ ہے۔ مصر میں پیدا ہونے والے ایلی کا انتخاب اسرائیلی انٹیلیجینس کے ایک نئے پراجیکٹ کے لیے کیا جاتا ہے۔ اس سے پہلے کئی امیدوار اس پوزیشن کے لیے ریجیکٹ ہو چکے ہیں جس کے بعد موساد پچھلے ریجیکٹ شدہ امیدواروں کی جانب نگاہ کرتی ہے اور ایلی کو ایک بار پھر پرکھنے کا فیصلہ کرتی ہے۔
ایلی کی سب سے بڑی خوبی اس کی حس مشاہدہ ہے جس کی بنیاد پر وہ ریکارڈ مدت میں اپنی ٹریننگ مکمل کر کے تمام امتحان پاس کرتا ہے اور مشن کے لیے تیار ہوجاتا ہے۔ ایلی کی سب سے بڑی خامی موساد میں بحیثیت جاسوس بھرتی ہو کر اس بارے میں حد سے زیادہ سنجیدہ اور مشتاق Eager ہونا ہے ہے جو اس کے باس کے نزدیک اسے نقصان پہنچانے کا باعث بن سکتی ہے (اور ایسا ہی ہوتا ہے)۔
ایلی کو کامل امین ثابت Kamel Amin Thabit نامی شامی تاجر کی جعلی شناخت کے ذریعے پہلے ارجنٹینا بھجوایا جاتا ہے جہاں سے اسے چند لیڈز دے کر شام میں اثر و رسوخ رکھنے والے افراد کے ساتھ رابطہ کروا کر بذریعہ لبنان، شام بھجوایا جاتا ہے۔ یہاں سے ایلی اپنے بزنس کی آڑ میں مزید اثر و رسوخ رکھنے والے لوگوں سے روابط قائم کر کے شامی حکومتی حلقوں میں اوپر کی جانب سفر کرتا ہے۔ ایلی سابق شامی جرنیل آمین الحافظ کا بھروسہ جیت کر اس کے حق میں ہونے والے انقلاب میں کردار ادا کرتا ہوا نائب وزیر دفاع کی پوزیشن تک پہنچ جاتا ہے۔
سیریز میں ایک جاسوس کی زندگی کے تین زاویوں کو بہت گہرائی سے دکھایا گیا ہے۔ ایلی اور اس کی بیوی نادیہ ایک دوسرے سے بہت محبت کرتے ہیں۔ ایلی تفصیل بتائے بغیر نادیہ کو حمل کی حالت میں چھوڑ جاتا ہے جس کے بعد نادیہ انتہائی مشکل حالات سے دوچار رہتی ہے۔ اپنے چار سالہ شام میں قیام کے دوران ایلی دو بار اسرائیل چکر لگاتا ہے۔ سیریز کا دوسرا ارتکاز ایک جاسوس کی دوہری شخصیت پر رہتا ہے جب ایک عاجز ایلی انتہائی طاقتور کامل بن ثابت کا عادی ہو کر واپس اسرائیل آتا ہے جہاں پھر سے ایلی بننا مشکل بن جاتا ہے۔ سیریز میں تیسرا پہلو بحیثیت جاسوس وہ پرخطر کام ہے جو ایلی کو کامل امین ثابت بن کر رہتے ہوئے کرنا پڑتا ہے۔
سیزن کی آخری قسط کمال ہے جب شامی انٹیلیجنس کامل کی اصلیت جاننے میں کامیاب ہوجاتی ہے۔
یہ سیریز ایک حقیقی کہانی پر مبنی ہے۔ چھ ۶ اقساط پر مبنی یہ سیریز نیٹ فلکس پر قانونی طریقے سے دستیاب ہے جبکہ ٹورینٹ پر شاید غیر قانونی طریقے سے بھی مل جائے۔ آئی ایم ڈی بی پر دی سپائی کی اب تک کی ریٹنگ ۷.۶ ہے۔