پانی نہ ہوتا تو سب سے زیادہ مشکل میں دودھ والے ہوتے۔ پانی کی وجہ سے سب سے زیادہ شکر بھینسیں ادا کرتی ہیں کہ اللہ ان کے دودھ میں اتنی برکت پیدا کردیتا ہے جبکہ یہ فریضہ دودھ والا انجام دیتا ہے۔ دودھ والوں کا ہنر دیکھئے پانی میں ملاوٹ کرکے اسے دودھ کے بھاؤ بیچ دیتے ہیں۔ چیلنج ہے کہ دودھ والوں کے علاوہ کوئی اور پانی کو اتنا مہنگا بیچ کر دکھائے۔
ہر دودھ والا اپنی بھینسوں کی تعداد ہمیشہ ایک کم بتاتا ہے کیونکہ بیگم کا نام لیتے ہوئے گھبراتا ہے۔
دودھ دوھنا بھی ایک آرٹ ہے ورنہ روزانہ سینکڑوں بھینسوں کو خوش رکھنا آسان کام نہیں۔ چار سال کے بعد سے میں نے ساری عمر جس کا دودھ پیا وہ میرا دودھ والا ہی تھا۔ مردوں میں دودھ دینے کی خصوصیت صرف دودھ والے ہی میں پائی جاتی ہے۔