1. ہوم/
  2. غزل/
  3. فاخرہ بتول/
  4. ملا دیار اسے بھی نہیں ہمیں بھی نہیں

ملا دیار اسے بھی نہیں ہمیں بھی نہیں

ملا دیار اسے بھی نہیں ہمیں بھی نہیں
گلوں سے پیار اسے بھی نہیں ہمیں بھی نہیں

کبھی تو دل کو نصحیت کرے کوئی آ کے
کہیں قرار اسے بھی نہیں ہمیں بھی نہیں

مرے بغیر کوئی بے قرار رہتا ھے
یہ خلفشار اسے بھی نہیں ہمیں بھی نہیں

وہ دل سے ہمکو نکالے یہ کیسے ممکن ھے؟
یہ اختیار اسے بھی نہیں ہمیں بھی نہیں

وہ اعتبار جو بنیاد ھے رفاقت کی
وہ اعتبار اسے بھی نہیں ہمیں بھی نہیں

دیے دریچے پہ رکھے جسے ضرورت ہو
اب انتظار اسے بھی نہیں ہمیں بھی نہیں

فاخرہ بتول

Fakhira Batool

فاخرہ بتول نقوی ایک بہترین شاعرہ ہیں جن کا زمانہ معترف ہے۔ فاخرہ بتول نے مجازی اور مذہبی شاعری میں اپنا خصوصی مقام حاصل کیا ہے جو بہت کم لوگوں کو نصیب ہوتا ہے۔ فاخرہ بتول کی 18 کتب زیور اشاعت سے آراستہ ہو چکی ہیں جو انکی انتھک محنت اور شاعری سے عشق کو واضح کرتا ہے۔ فاخرہ بتول کو شاعری اور ادب میں بہترین کارکردگی پر 6 انٹرنیشنل ایوارڈز مل چکے ہیں۔