1. ہوم/
  2. غزل/
  3. فاخرہ بتول/
  4. نیلا مرا وجود گھڑی بھر میں کر گیا

نیلا مرا وجود گھڑی بھر میں کر گیا

نیلا مرا وجود گھڑی بھر میں کر گیا
وہ زہر کی طرح مرے دل میں اُتر گیا

پلکیں لرز کے رہ گئیں اور دیپ بُجھ گئے
الزام اب کی بار بھی آندھی کے سر گیا

اب کس لئے سنبھال کے رکھوں بصارتیں
آنکھوں سے خواب چھین کے جب خواب گر، گیا

اُس سے بچھڑ کے دل کا ہوا ہے عجیب حال
پانے کی آرزو گئی، کھونے کا ڈر گیا

جب موسموں نے پھر سے بغاوت کی ٹھان لی
ٹہنی پہ پھول کِھلنے سے پہلے بکھر گیا

بہتر ہے خود رفو گری سیکھوں کہ آج تو
گھاؤ کُھلے ہی چھوڑ کے وہ چارہ گر گیا

آنکھوں سے نیند، دل سے سکوں ہو گیا جدا
لگتا ہے اپنے ساتھ کوئی ہاتھ کر گیا

سورج نے ساتھ چھوڑا تو دیکھا پلٹ کے تب
سوچا، جو ساتھ چلتا تھا سایہ کدھر گیا

اُس پر یقیں بحال ہوا جس گھڑی بتول!
اقرار کے مقام پہ آ کر مُکر گیا

فاخرہ بتول

Fakhira Batool

فاخرہ بتول نقوی ایک بہترین شاعرہ ہیں جن کا زمانہ معترف ہے۔ فاخرہ بتول نے مجازی اور مذہبی شاعری میں اپنا خصوصی مقام حاصل کیا ہے جو بہت کم لوگوں کو نصیب ہوتا ہے۔ فاخرہ بتول کی 18 کتب زیور اشاعت سے آراستہ ہو چکی ہیں جو انکی انتھک محنت اور شاعری سے عشق کو واضح کرتا ہے۔ فاخرہ بتول کو شاعری اور ادب میں بہترین کارکردگی پر 6 انٹرنیشنل ایوارڈز مل چکے ہیں۔