میں فلم پر اپنا تبصرہ چند سوالات کی صورت میں پیش کرنا چاہوں گا اور اس سے پہلے وارننگ دینا چاہوں گا کہ یہ کسی حد تک Spoilers کی صورت میں ہو سکتے ہیں لہذا اس پیش لفظ کو Spoiler Alert سمجھ لیں۔ سوالات کچھ یہ ہیں۔
1۔ کیا پاکستانی معاشرے میں جوائینٹ فیملی سسٹم گھر کے کمانے اور محنت کرنے والوں کو خوار نہیں رکھتا؟
2۔ کیا پاکستانی معاشرے میں گھر کے معاشی حالات میں حصہ نہ ڈالنے والے کو جہاں موقع ملے زلیل نہیں کیا جاتا؟
3۔ کیا پاکستانی معاشرے میں عورت کے نوکری کرنے کو ناپسندیدگی کی نظر سے دیکھنے والے موجود نہیں؟
4۔ کیا پاکستانی معاشرے میں سمگلنگ سے لے کر رشوت خوری تک ناجائز طریقے سے کمائی کرنے والے معاشرے میں سفید پوش کی نسبت زیادہ عزت نہیں رکھتے؟
5۔ کیا پاکستانی معاشرے میں تھیٹر، ڈرامے اور فلم میں کام کو برا نہیں سمجھا جاتا؟
6۔ کیا پاکستانی معاشرے میں مجرا برا تصور کیا جانے کے باوجود عام نہیں؟
7۔ کیا پاکستانی معاشرے میں مرد کے کام کرنے کو عورت کے کام کرنے پر ترجیح نہیں دی جاتی؟
8۔ کیا پاکستانی معاشرے میں ٹرانسجینڈرز کا نام سنتے ہی تضحیک، تحقیر یا ناگواری عام نہیں؟
9۔ کیا پاکستانی معاشرے میں ٹرانسجنڈرز کے ساتھ جنسی تعلقات قائم نہیں کیے جاتے؟
10۔ کیا پاکستانی معاشرے میں ٹرانسجنڈرز کے لیے ایک نارمل زندگی گزارنے کے راستے مستود نہیں؟
11۔ کیا پاکستانی معاشرے میں ہم جنس پرستی موجود نہیں؟
12۔ کیا پاکستانی معاشرے میں خود لذتی موجود بلکہ عام نہیں؟
13۔ کیا پاکستانی معاشرے میں لڑکی کی پیدائش پر افسردگی کا ہونا موجود نہیں؟
14۔ کیا پاکستانی معاشرے میں خود عورت کو لڑکے کی خواہش ہونا موجود نہیں؟
15۔ کیا پاکستانی معاشرے میں شادی کے فوری بعد حمل اور اولاد کی پیدائش کے لیے منکوحین پر دباؤ نہیں ڈالا جاتا؟
16۔ کیا پاکستانی معاشرے میں عورت کا بچہ پیدا کرنے میں تاخیر کرنا برا نہیں سمجھا جاتا؟
17۔ کیا پاکستانی معاشرے میں دوران حمل یا بعد اس حمل عورت کے ڈپریشن میں جانے کو نظر انداز نہیں کیا جاتا؟
18۔ کیا پاکستانی معاشرے میں اپنی اولاد کو قتل کرنے کے واقعات موجود نہیں؟
19۔ کیا پاکستانی معاشرے میں خودکشی کے واقعات نہیں ہوتے؟
20۔ کیا پاکستانی معاشرے میں عمر رسیدہ ماں کی ایسی ضروریات جن پر بار کرنا مشکل ہوتا ہے، نظر انداز نہیں کیا جاتا؟
21۔ کیا پاکستانی معاشرے میں عمر رسیدہ افراد کے درمیان جسمانی تعلقات قائم نہیں ہوتے؟
22۔ کیا پاکستانی معاشرے میں کسی بھی عمر کی عورت کا گھر سے باہر رات گزارنے کا مطلب غلط لیا جانا موجود نہیں؟
23۔ کیا پاکستانی معاشرے میں کسی بھی عمر کے مرد کی bullying بالکل نہیں ہوتی؟
سوالات تو اور بھی بہت ہیں لیکن میرا خیال ہے، جوائے لینڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے اتنے بھی کافی ہیں۔
اس کا مطلب یہ نہیں کہ مندرجہ بالا تمام منفی خصوصیات پاکستانی معاشرے کا خاصہ ہیں۔ جی نہیں۔ ہر معاشرے کے اپنے مسائل اور منفی و مثبت خصائل ہوتے ہیں۔ لیکن ان پر فلم بنا دی جائے اس کا مطلب یہ نہیں کہ یہ تمام مسائل صرف ہمارے ہی معاشرے میں ہیں۔ اس کا مطلب یہ بھی نہیں کہ ایسے تمام مسائل معاشرے میں عام ہیں۔ نہیں، ہرگز نہیں۔ مثلاً والدین کی تعظیم ہمارے معاشرے میں عام ہیں لیکن ایسے واقعات بھی ملتے ہیں جہاں بیٹے نے والدین کو مار دیا یا ماں کو گھر سے نکال دیا وغیرہ وغیرہ۔
فلم۔۔ فلم ہوتی ہے۔ کہیں مکمل تخیلاتی (جیسے مولا جٹ) تو کہیں کسی ایک معاشرتی مسئلے کا احاطہ کرتی (جیسے نارکوز) تو کہیں کئی سارے مسائل کو سامنے لاتی (جیسے جوائے لینڈ)۔ مثلاً نیوزی لینڈ کرائسٹ چرچ میں مسجد پر دہشت گردی کے حملے پر فلم بنائی جائے تو اس کا مطلب یہ نہیں ہوگا کہ نیوزی لینڈ کی وجہ شہرت ہی دہشت گردی ہے۔ بس ویسے ہی، جوائے لینڈ نے درجنوں معاشرتی مسائل کی طرف توجہ دلائی ہے جو عام ہوں یا نہ ہوں، کسی نہ کسی شکل میں موجود ضرور ہیں، اور جن کا ہر صورت میں حل موجود ہونا چاہیے۔ ایسی فلمیں ضرور بننی چاہئے ہیں جو کسی بھی معاشرے کے معاشرتی مسائل پر مبنی ہو۔
ثقافت کو لے کر "سب اچھا ہے" دکھایا جانا ناممکن ہے۔ مطلب کیا چاہتے ہیں کیا دکھایا جائے؟ پشتون یا پنجابی یا سندھی یا بلوچ کلچر پر مبنی فلم جس میں سب اچھا اچھا دکھایا جائے؟ ایسا ہے تو فلم کیا بنے گی؟
میری نظروں سے حماقت پر مبنی کئی تحاریر اور تبصرہ جات گزرے جن کے مطابق ہم جنس پرستی جیسے معاملات کا فلموں میں جگہ پانا انہیں نارملائز کرنے کے لیے ہوتا ہے۔ ایک ایسے ملک میں جہاں کی پانچ سرفہرست گالیوں میں سے پہلی دو incest پر مبنی ہوں جبکہ تیسری ہم جنس پرستی پر، وہاں ہم جنس پرستی اور Incest دونوں ہی سے چشم پوشی خود کو بیوقوف بنانے والی بات ہے۔
میں چاہتا تو نہیں تھا لیکن بات بہرحال حقیقت ہے کہ کیا مدارس سے لے کر ہاسٹلز تک میں ہم جنس پرستی کے واقعات عام نہ سہی، متواتر نہیں؟ ویسے تو عام نہ کہنا بھی کسر نفسی والی بات ہوگی لیکن چلیے، جذبات کا خیال رکھ لیتے ہیں، تواتر کو تو مانتے ہیں ناں؟ پھر کیا مطلب ہے؟ عام تو یہ پہلے ہی ہے، فرق صرف اتنا ہے کہ ایک خاص طبقے میں یہ پہلے ہی تقریباً نارملائز ہے، اب باقی اس پر بات کرنے لگے تو وہی طبقہ لٹھ لے کر کھڑا ہونے کی ناکام کوشش کرنے لگا ہے۔
ٹرانسجینڈرز کے حالات تو یہ ہیں کہ ہم میں بنیادی ترین شعور بھی اب کہیں جا کر آیا ہے جب ہم میں سے کچھ نے ٹرانسجینڈرز کے لیے کھسرا، ہیجڑا، زنخا وغیرہ جیسے رائج العام الفاظ ترک کر کے ٹرانسجینڈر کی اصطلاح بشکریہ مغرب مستعار لی ہے ورنہ ہمارے پاس تو ان کے لیے نیوٹرل الفاظ تک کا قحط تھا۔ اور یہ بات ہے فقط تذکرے کی۔۔ عام زندگی میں ٹرانس کمیونٹی کے ساتھ کیا ہوتا ہے اس کا اندازہ پہلے کمنٹ میں موجود ویڈیو سے لگا لیجیے۔
آخر میں ملک صاحب سے معذرت و تعزیت کہ پوری تحریر میں جووئے لینڈ کی بجائے جوائے لینڈ لکھا۔ وجہ اس کی یہ ہے کہ فلم بنانے والے نے کریڈٹس میں اسے ایسا ہی لکھا۔