جمہوری نظام کی بنیاد "ووٹ " ہے، ہر شخص کا ووٹ برابر ہے۔ میں نے مسلم لیگ کو ووٹ دیا ہے۔ اور کسی کو حق نہیں پہنچتا کہ وہ میرے ووٹ کی توہین کرے ۔ میں نے حق دیا ہے نواز شریف کوکہ وہ 5 سال تک اس ملک پہ حکومت کرے ۔ کسی کو کوئی حق نہیں کہ وہ اپنی ذاتی انا کے لئے میرے حق کی، میرے ووٹ کی توہین کرے۔
جیسے مجھے حق نہیں کہ خان صاحب کے کئی ناقابل معافی عیبوں کے باوجود 70 لاکھ ووٹرز کی رائے کی توہین کروں اور ان سے استعفٰی مانگوں، یا کوئی بھی ایسا مطالبہ کروں جو ان کے ووٹرز کی رائے کے خلاف ہو۔ عمران خان کا نواز شریف سے استعفٰی کا مطالبہ میرے لئے قابل قبول نہیں ہے۔ میں نے 5 سال کے لئے ان کو حکومت کرنے کے لئے ووٹ کیا ہے اور یہ آئینی مدت پوری ہونی چاہیے۔ نواز شریف کی بھی اور چا ہے وہ پرویز خٹک کی حکومت ہو کیونکہ دونوں کو ووٹ ملے ہیں۔
اگر عمران خان کو نواز شریف کی شکل پسند نہیں تو یہ ان کا مسئلہ ہے میرا نہیں۔ اس ملک میں جمہوریت ہے اور میں اس کا حصہ ہوں۔ میں جج ہوں سیاستدانوں کی پر فارمنس کا۔ کوئی دوسرا میری جگہ فیصلہ کرنے کا حق نہیں رکھتا۔ اور میں اکیلا نہیں ہوں، ایک کروڑ 48 لاکھ میرے جیسے اور لوگ ہیں جن کے فیصلے کا نتیجہ ہے وزیر اعظم نواز شریف۔
آپ کو بھی لوگوں نے اسمبلی میں بھیجا ہے تا کہ آپ کوئ تعمیری کام کرسکیں۔ ایک صوبہ دیا ہے وہاں کے لوگوں کی بہتری کا کوئی کام کر سکیں۔ اگر آپ سے یہ ذمہ داری نہیں نبھائی جا رہی تو اس میں کسی اور کا قصور نہیں ہے صرف اور صرف آپ کا ہے۔ آپ کو لوگوں کے بچوں کو اور عوام کوسڑکوں پہ ذلیل کرنے کا مینڈیٹ نہیں دیا گیا۔ اپنی ذمہ داری نبھائیں۔ عمر کے جس حصے میں آپ ہیں آپ کو ذمہ داریاں نبھانا آجا نا چاہیے۔
نوازشریف اگر کرپشن میں ملوث ہے تو عدالت اس کا بہترین فورم ہے۔ آپ یا کوئی بھی یہ ثابت کردے پھر حق حکمرانی ختم۔ ہم کبھی نہیں چاہیں گے کہ وہ کرپشن بھی کریں اور ہم پہ حکومت بھی کریں۔ لیکن ثابت کرو کہ وہ کرپٹ ہیں۔ سڑکوں پہ چند بندے لا کہ اس کو ہٹانا چاہتے ہیں تو ایسا میرے لئے قابل قبول نہیں۔
اگر سڑکوں پہ آکر، حکومت کو گرائیں گے تو پھر آپ حکومت کیسے کریں گے۔ اگر ایک کروڑ 48 لاکھ ووٹرز کے ساتھ نوازشریف حکومت 5 سال تک نہ کر سکا تو آپ 70 لاکھ ووٹرز کے ساتھ حکومت کریں گے؟ برائے مہربانی اس خواہش اور طاقت کی ٹھرک کو کنٹرول کریں اور پاکستانی عوام کے ووٹ کی عزت کریں۔
جن ووٹوں کو آپ جعلی اور دھاندلی کی وجہ سمجھتے ہیں ان میں سے ایک، اصلی اور حقیقی ووٹ، میرا ووٹ ہے۔