1. ہوم/
  2. کالمز/
  3. محمد اشتیاق/
  4. پلیز ریسکیو اس

پلیز ریسکیو اس

قریب ساڑھے تیں سال ہوگئے الیکشن ہوے، جن میں سے ڈھائی سال پاکستان تحریک انصاف سڑکوں پر ہے۔ کبھی دھرنا، کبھی جلسہ اور اب بات لاک ڈاوءن تک آ پہنچی تھی۔ ان میں سے سب سے بڑا شو جو یہ پارٹی کر سکی وہ 2013 الیکشن سے پہلے والا کراچی کا جلسہ اور لاہور کا جلسہ تھا۔ اس کے علاوہ لاہور مینار پاکستان پہ ایک اور جلسے میں قابل ذکر تعداد میں عوام موجود تھی۔

خان صاحب کو ان جلسوں میں کبھی رکاوٹ کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ بلکہ جا بجا حکومت، خفیہ ہاتھ اور خفیہ ہاتھ کے گماشتوں کی سپورٹ رہی۔ جن لوگوں کو اس سٹیٹمنٹ پہ شک ہو وہ نشتر پارک کراچی کے حالیہ جلسے میں حاضری دیکھ کہ تسلی کر سکتے ہیں۔ ہر جگہ خان صاحب نے وی آئی پی سٹیٹس انجوائے کیا ہے۔ اور موجودہ حکومت نے کہیں روایتی ہتھکنڈے استعمال نہیں کیے جو کہ ایسے جلوسوں کو روکنے کے لئے کیے جاتے ہیں۔

پچھلے گرینڈ شو "دھرنے" کے دوران بھی عمران خان کو خالی گلیاں ملیں اور مرزا یار اس میں آزادی سے پھرتا رہا اور نواز شریف کو "بزدل" ۔ "ڈر گیا" جیسے طعنوں سے نوازتے رہے۔ عمران خان کا دھرنا بغیر کسی رکاوٹ کے لاہور سے اسلام آباد ایسے پہنچا جیسے نیازی کوچ سروس پہنچتی ہے۔ بلکہ دونوں کزنز کے درمیان ٹین ایجر کی طرح باقاعدہ پہلے پہنچنے کی ریس لگی۔ اور خان صاحب سواریاں اتارتے چڑھاتے اسلام آباد پہنچے۔ سو سے اوپر دن وہاں بیٹھ کر حکومت کی برداشت کا امتحان لیتے رہے پر نہ ان کی برداشت ختم ہوئی اور نہ انگلی کی حرکت کہیں اور ہوئی۔

آخر کو کپتان ہی کی برداشت ٹوٹی اور پی ٹی وی پہ قبضہ اور پی ایم ہاوس پہ حملے کا ایکشن شروع ہوا۔ اور پہلی دفعہ ڈنڈے کا سامنا ہوا۔ اور خان صاحب صبح ہونے تک واپس اپنے مقام پر تھے۔ ان کے مومی سپاہی اپنی اوقات سے بڑھ کر لڑے پر وہ اس قابل نہ تھے۔ قادری صاحب کو بھی اسی دن اپنی آنکھوں کا آپریشن یاد آیا ۔

اب کی دفعہ لاک ڈاون تھا۔ اورعمران خان اپنی پارٹی کی تمام قیادت کے ساتھ بنی گالا میں تھے۔ ساری دنیا روک روک کے تھک گئی۔ عدالت نے بھی منع کردیا پر عمران خان صاحب کا فیصلہ اٹل تھا۔ لاک ڈاون ہو گا۔ پر لوگ کہاں سے آئیں گے ؟؟؟ کون لائے گا ؟؟؟ اس دفعہ حکومت کا موڈ ٹھیک نہیں تھا، پہلے دن اندازہ ہو گیا۔ یوتھ ونگ کے جلسے سے ۔ پھر سٹریٹیجی کیا تھی؟؟ کوئی شک تھا تو وہ شیخ صاحب کے 4 بندوں کے ساتھ سماء کی ویگن کے اوپر سے خطاب سے دور ہو جانا چاہیے تھا۔ شیخ صاحب سارا دن اپنا موبائل دھرنا لے کے سڑکوں پہ بھاگتے رہے۔ آپ کو سمجھ نہ آئی ؟

پھر پلان کیا تھا؟ بڑے بڑے لیڈرز عمران خان، شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین، علیم خان، اسد عمر تو بنی گالا میں واک اور ایکسر سائز کر رہے تھے۔ عوام کے ساتھ کون تھا؟ عوام کو کس نے لانا تھا؟ آپ لوگ تو محصور کر دئے گئے؟؟ امیدیں کس سے تھیں ؟

دو بندے عوام کو لا رہے تھے اعجاز چوہدری اور پرویز خٹک۔ اعجاز چوہدری کے ساتھ عوام کا جو پیدل سیلاب آ رہا تھا وہ شائد بندر والے کے پیچھے بھاگنے والے بچوں سے بھی کم تھا۔ اور خٹک صاحب، کے پی کے کی مشینری کے ساتھ پہلی رکاوٹ ہی عبور نہ کرسکے۔

حیرت ہے، خان صاحب کی سیاسی بصارت اور حکمت عملی پہ کہ آپ اتنے اہم موقعے پہ اپنی تمام کچن کیبنیٹ کے ساتھ بنی گالا میں ریسکیو کا انتظار کر رہے ہیں ۔ لیڈرز لیڈ کیا کرتے ہیں۔ ریسکیو کا انتظار نہیں۔

محمد اشتیاق

Muhammad Ishtiaq

محمد اشتیاق ایک بہترین لکھاری جو کئی سالوں سے ادب سے وابستہ ہیں۔ محمد اشتیاق سخن کدہ اور دیگر کئی ویب سائٹس کے لئے مختلف موضوعات پہ بلاگز تحریر کرتے ہیں۔ اشتیاق کرکٹ سے جنون کی حد تک پیار کرنے والے ہیں جن کا کرکٹ سے متعلق اپنی ویب سائٹ کلب انفو ہے جہاں کلب کرکٹ کے بارے معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں ۔ بہ لحاظ پیشہ محمد اشتیاق سافٹ ویئر انجینئر ہیں اور ایک پرائیویٹ کمپنی میں ملازمت کر رہے ہیں۔